چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کی طرف بڑھیں اور اپنے اختلافات بات چیت کے ذریعے حل کریں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ٹیلی فونک گفتگو کی جس میں خطے کی صورتحال اور پاکستان و افغانستان کے درمیان کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گفتگو کے دوران وانگ یی نے کہا کہ چین کے افغان امور کے خصوصی ایلچی اس وقت پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کے لیے سرگرم ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
چینی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور افغانستان تحمل کا مظاہرہ کریں گے اور حالات کو مزید کشیدہ ہونے سے بچائیں گے۔ چین نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ جلد از جلد دو طرفہ مذاکرات شروع کریں اور جنگ بندی کی طرف بڑھتے ہوئے مسائل کو سفارتی ذرائع سے حل کریں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چین خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اپنا فعال کردار جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
