لاہور ڈیفنس میں بڑی ڈکیتی، ڈاکو 19 کروڑ روپے مالیت کا سامان لوٹ کر فرار

لاہور کے علاقے ڈیفنس اے میں ڈکیتی کی بڑی واردات پیش آئی جہاں مسلح ڈاکو ایک گھر سے تقریباً 19 کروڑ روپے مالیت کا قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق گھر کا مالک اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سحری کے لیے باہر گیا ہوا تھا، اسی دوران ڈاکو گھر میں داخل ہوگئے۔ جب اہل خانہ سحری کے بعد واپس پہنچے تو ڈاکو پہلے سے گھر کے اندر موجود تھے۔ ملزمان نے اسلحے کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا اور گھر میں موجود قیمتی سامان لوٹ لیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق ڈاکو گھر سے 19 کروڑ روپے مالیت کے زیورات، قیمتی گھڑیاں، موبائل فونز اور دیگر سامان لے کر فرار ہوگئے۔ واردات کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے اور جلد انہیں گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی جائے گی۔

Exit mobile version