ریاض میں ڈاکٹر پروفیسر عبدالغفور راشد کے اعزاز میں پروقار تقریب، پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت

سعودی عرب (ادریس احمد سے) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان اور نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈاکٹر پروفیسر عبدالغفور راشد اور معروف مذہبی اسکالر مولانا منظور احمد کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی میزبانی قصور اوورسیز کمیونٹی نے کی، جس میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی مذہبی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی،تقریب میں امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سعودی عرب مولانا عبدالمالک مجاہد، مولانا عبدالحسیب حسن، عبداللہ مجاہد سمیت دیگر معزز شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ شرکاء نے ڈاکٹر پروفیسر عبدالغفور راشد کی دینی و علمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دین کی اشاعت اور علمی رہنمائی کے ذریعے معاشرے میں مثبت کردار ادا کیا ہے،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر پروفیسر عبدالغفور راشد نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنے وطن کے حقیقی سفیر ہیں جو نہ صرف پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں بلکہ دینی اور سماجی اقدار کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، باہمی رواداری اور دینی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا،امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سعودی عرب مولانا عبدالمالک مجاہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر پروفیسر عبدالغفور راشد کی دینی و فکری خدمات قابلِ قدر ہیں اور ان کی علمی رہنمائی سے نوجوان نسل کو بہت فائدہ حاصل ہو رہا ہے،تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Exit mobile version