وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ایرانی صدر سے حالیہ گفتگو اور سعودی عرب کے دورے کے بعد خطے کی صورتحال بہتر ہونے کی امید ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی تھی اور اسی سلسلے میں وہ سعودی عرب بھی گئے جہاں ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو کسی صورت مسلمان ممالک خصوصاً سعودی عرب کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ ان کے مطابق پاکستان کی قیادت مسلم ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ موجود ہے اور پاکستان اس معاہدے کا پابند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے دانشمندانہ پالیسی اختیار کرتے ہوئے خود ردعمل نہیں دیا اور امید ہے کہ مذاکرات اور رابطوں کے ذریعے معاملات بہتر ہوں گے۔
گورنر سندھ کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ ابتدا میں طے ہوا تھا کہ بلوچستان اور سندھ کے گورنر ن لیگ سے ہوں گے۔ ان کے مطابق ایم کیو ایم سے کبھی یہ وعدہ نہیں کیا گیا تھا کہ گورنر سندھ ان کی جماعت سے ہوگا، جبکہ کامران ٹیسوری کا تقرر نگراں دور میں ہوا تھا اور بعد میں حالات کے مطابق تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم کے ایرانی صدر سے رابطے اور سعودی دورے سے معاملات بہتر ہونے کی امید: رانا ثنا اللہ
