میں گونگا، بہرا یا ڈمی گورنر نہیں تھا، بتا سکتا ہوں کس نے ہٹوایا مگر نام نہیں لوں گا: کامران ٹیسوری

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص ساری زندگی کسی منصب پر نہیں رہتا، تاہم وہ گونگا، بہرا یا ڈمی گورنر نہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ بھی بتا سکتے ہیں کہ انہیں کس نے عہدے سے ہٹوایا، لیکن وہ اس بارے میں کچھ کہنا مناسب نہیں سمجھتے۔

نہال ہاشمی کو گورنر سندھ نامزد کیے جانے کے بعد کامران ٹیسوری نے انہیں ٹیلیفون کر کے مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں شروع کیے گئے تمام اقدامات اور منصوبوں کو جاری رکھنے کے لیے وہ ہر ممکن تعاون کریں گے۔

کامران ٹیسوری نے صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھی فون کر کے کہا کہ گزشتہ تقریباً پونے چار سال کے دوران ان کے ساتھ اچھے تعلقات رہے اور مل کر کام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عہدے آتے جاتے رہتے ہیں لیکن باہمی احترام ہمیشہ یاد رہتا ہے۔

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ وہ گورنر ہاؤس میں عوامی فلاح کے منصوبے شروع کرنے کے عزم کے ساتھ آئے تھے اور چاہتے ہیں کہ یہ اقدامات جاری رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی خبر کے بعد دبکنے والوں میں سے نہیں بلکہ ہمیشہ میڈیا کا سامنا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر گل پلازہ کے متاثرین کی آواز اٹھانے پر انہیں سزا دی جا رہی ہے تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس میں آئی ٹی تعلیم کے پروگرام کے تحت ہزاروں نوجوانوں کو تربیت دی جا رہی ہے اور انہیں امید ہے کہ نئے گورنر بھی ان منصوبوں کو جاری رکھیں گے۔

Exit mobile version