ایران میں اسکول پر میزائل حملہ، امریکی سینیٹ میں ڈیمو کریٹس کا وزیر دفاع سے جواب طلب

امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے متعدد سینیٹرز نے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو ایک خط لکھ کر ایران میں اسکول پر ہونے والے میزائل حملے کے حوالے سے وضاحت طلب کر لی ہے۔ سینیٹرز نے اپنے خط میں سوال اٹھایا ہے کہ اسکول کو ہدف کیوں بنایا گیا اور اس حملے کے پیچھے کیا معلومات اور تجزیے موجود تھے۔

خط میں یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ کیا پرانے اور غلط انٹیلی جنس تجزیوں کی بنیاد پر اسکول کو نشانہ بنایا گیا۔ سینیٹرز نے اس واقعے کو نہایت سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس حملے کے پس منظر اور حقائق کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کی جائیں۔

خط لکھنے والے ایک سینیٹر نے اس واقعے کو خوفناک سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام اور کانگریس کو یہ جاننے کا حق ہے کہ اصل میں کیا ہوا اور کن بنیادوں پر یہ کارروائی کی گئی۔

یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر ہونے والے حملوں کے دوران ایران کے شہر میناب میں ایک ٹوماہاک میزائل گرنے سے 110 بچوں سمیت مجموعی طور پر 168 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

ابتدائی طور پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعے کی ذمہ داری ایران پر عائد کی تھی، تاہم بعد میں انہوں نے کہا کہ انہیں اس بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہیں۔ دوسری جانب ایک امریکی اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ میناب میں اسکول پر حملہ امریکی فوج کی جانب سے ہدف کے تعین میں غلطی کا نتیجہ تھا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی فوجی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ میزائل حملے کے لیے پرانے ڈیٹا کے استعمال کی وجہ سے اسکول کو غلطی سے نشانہ بنایا گیا۔

Exit mobile version