کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار ) اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل نے مقامی ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس میں کرایوں اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ٹرانسپورٹرز نے ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور دیگر اخراجات میں بڑھوتری کے حوالے سے اپنے تحفظات پیش کیے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو غور سے سنا اور کہا کہ انتظامیہ عوامی سہولت کو اولین ترجیح دیتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کرایوں کے تعین میں عوامی مفاد کو مدنظر رکھا جائے اور کسی بھی قسم کی ناجائز اضافی وصولی سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ اور ٹرانسپورٹرز کے باہمی تعاون سے مسائل کا بہتر حل نکالا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے مناسب کرایوں اور بہتر ٹرانسپورٹ نظام کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔
