لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کے بے روزگار کھلاڑیوں کو ملازمتیں دینے کا اعلان کیا جبکہ زخمی ہاکی پلیئرز کا علاج بھی پی سی بی کرائے گا۔
یہ اعلان چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کی قیادت میں کھلاڑیوں کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔
محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو 8 برس بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پی سی بی ہمیشہ کی طرح ہاکی کھلاڑیوں کی مکمل مدد جاری رکھے گا۔ زخمی کھلاڑیوں کا علاج پی سی بی کے تحت کیا جائے گا اور بے روزگار کھلاڑیوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔
ملاقات کے بعد ہیڈ کوچ خواجہ جنید اور کپتان عماد بٹ نے میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی حمایت نے کھلاڑیوں کے حوصلے مزید بلند کیے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے پاکستانی ہاکی ٹیم کے لیے ورلڈ کپ میں کامیابی کی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
