کلیفٹ ہسپتال گجرات مایوس چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کے عظیم مشن پر گامزن ہے، ڈاکٹر اعجاز بشیر اور ان کی ٹیم خراجِ تحسین کی مستحق ہے: اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر

سوہاوہ: پاکستان کلیفٹ لپ اینڈ پیلٹ ایسوسی ایشن کے کوآرڈینیٹر عزیزالرحمان مجاہد نے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر سے ملاقات کی اور انہیں کلیفٹ ہسپتال گجرات میں کٹے ہونٹ اور تالو (Cleft Lip & Palate) کے مسائل میں مبتلا بچوں کے مفت علاج اور اس حوالے سے جاری فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

عزیزالرحمان مجاہد نے بتایا کہ کلیفٹ ہسپتال گجرات ایک منفرد فلاحی ادارہ ہے جہاں اب تک 28 ہزار سے زائد بچوں کے مفت آپریشن کامیابی کے ساتھ کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال میں نہ صرف پاکستان کے مختلف علاقوں سے آنے والے بچوں کا علاج کیا جاتا ہے بلکہ اب برطانیہ اور یورپ سے ماہر ڈاکٹرز کی ٹیمیں بھی یہاں آکر جدید سرجری کی تربیت حاصل کر رہی ہیں، جو اس ادارے کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی شہرت اور اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو آگاہ کیا کہ مارچ کے آخر میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سوہاوہ میں کٹے ہونٹ اور تالو کے مسائل کے شکار بچوں کے لیے مفت علاج اور آگاہی کیمپ منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس کیمپ میں ان بچوں کی بھی تشخیص اور رہنمائی کی جائے گی جو پیدائشی طور پر ٹیڑھے ہاتھ پاؤں یا دیگر جسمانی نقائص کا شکار ہیں، تاکہ انہیں عالمی معیار کے علاج تک رسائی فراہم کی جا سکے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے کہا کہ کلیفٹ ہسپتال گجرات جس جذبۂ خدمت اور انسان دوستی کے ساتھ مایوس اور ناامید بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں لوٹانے کے عظیم مشن پر گامزن ہے، وہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز بشیر اور ان کی پوری ٹیم کی خدمات لائقِ تحسین ہیں، جو اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور انسانیت سے محبت کے جذبے کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔

غزالہ اصغر نے مزید کہا کہ کٹے ہونٹ اور تالو کے مسائل کے ساتھ پیدا ہونے والے بچوں کے والدین شدید ذہنی اور معاشرتی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں اور ایسے حالات میں کلیفٹ ہسپتال جیسے ادارے ان خاندانوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوتے ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اگر مارچ کے آخر میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سوہاوہ میں آگاہی اور تشخیصی کیمپ لگایا جاتا ہے تو تحصیل انتظامیہ اس کے انعقاد کے لیے ہر ممکن انتظامی تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کیمپ کے حوالے سے باقاعدہ میڈیا مہم اور بھرپور تشہیر بھی کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اس اہم سہولت کی معلومات پہنچ سکیں اور مستحق بچے بروقت علاج حاصل کر سکیں۔

ملاقات کے دوران اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ سرکاری اداروں اور فلاحی تنظیموں کے باہمی تعاون سے ایسے فلاحی منصوبوں کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ معاشرے کے محروم بچوں کو بہتر مستقبل اور خوشگوار زندگی فراہم کی جا سکے۔

Exit mobile version