پاکستان نے اقوام متحدہ میں بحرین اور روس کی جانب سے پیش کردہ قراردادوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کی مذمت کی ہے اور ان کارروائیوں نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات پر ایرانی حملوں کے نتیجے میں دو پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خلیجی ممالک کی سرزمین پر حملے فوری طور پر بند ہوں گے اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔
پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کو اس جنگ کے بدترین نتائج کا سامنا نہیں کرنا چاہیے تھا اور پاکستان ان ممالک کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان روسی فیڈریشن کی جانب سے پیش کردہ مسودہ قرارداد کو بھی مثبت نظر سے دیکھتا ہے کیونکہ یہ اقوام متحدہ کے منشور کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے تیار کی گئی ہے۔ ان کے مطابق روسی قرارداد کا مقصد فریقین پر زور دینا تھا کہ وہ فوری طور پر فوجی سرگرمیاں بند کریں، مزید کشیدگی سے گریز کریں اور مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مؤقف پاکستان کے مجموعی مؤقف کے عین مطابق ہے۔ دوسری جانب سلامتی کونسل میں ایران کے پڑوسی ممالک پر حملوں کے خلاف قرارداد منظور کر لی گئی جس میں ایران سے خلیجی ریاستوں پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تاہم سلامتی کونسل میں روس کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی کی قرارداد منظور نہ ہو سکی۔ اس قرارداد کے حق میں 4 ووٹ اور مخالفت میں 2 ووٹ ڈالے گئے جبکہ 9 ارکان غیر حاضر رہے۔
