آپریشن غضب للحق: افغان طالبان کے 641 کارندے ہلاک، 243 چیک پوسٹس تباہ، عطا تارڑ نے اعداد و شمار جاری کر دیے

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پاک فوج کے جاری آپریشن غضب للحق کے اب تک کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔

وزیر اطلاعات کے مطابق افغانستان کی جانب سے کی گئی بلا اشتعال کارروائی کے جواب میں پاک فوج کا آپریشن غضب للحق جاری ہے اور اس دوران دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ اب تک افغان طالبان رجیم کے 641 کارندے ہلاک جبکہ 855 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ افغان طالبان کی 243 چیک پوسٹس تباہ کر دی گئی ہیں جبکہ 42 چیک پوسٹس پر قبضہ کرنے کے بعد انہیں بھی تباہ کر دیا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ افغانستان میں 65 دہشتگردوں اور ان کے معاون مقامات کو فضائی کارروائی میں نشانہ بنایا گیا جبکہ دشمن کے 219 ٹینک، اسلحہ بردار گاڑیاں اور آرٹلری گنز بھی تباہ کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب پاک فوج نے شوال، شمالی وزیرستان سے ملحق سرحدی علاقے میں افغان طالبان کی ایک پوسٹ کو نشانہ بنایا اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اسے تباہ کر دیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق تاحال جاری ہے اور اپنے تمام اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔

Exit mobile version