پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی مکمل، 144.5 ارب روپے حاصل

پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی آکشن کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمٰن نے نیلامی کے عمل کا آغاز کیا جبکہ پی ٹی اے نے 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا تھا۔

چیئرمین پی ٹی اے جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ آج آکشن کا پہلا مرحلہ بینڈ ایلوکیشن کا تھا۔ 700 میگا ہرٹز میں تین لاٹ پیش کی گئیں جن میں سے دو فروخت ہو گئیں، جبکہ 2300 میگا ہرٹز کی پانچوں لاٹ فروخت ہوئیں اور 2600 میگا ہرٹز کی تمام 19 لاٹ بھی فروخت ہو گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ 3500 میگا ہرٹز میں 28 لاٹ پیش کی گئیں جن میں سے 22 لاٹ فروخت ہوئیں یعنی 220 میگا ہرٹز اسپیکٹرم فروخت ہوا۔ ایک کمپنی نے 190 میگا ہرٹز، دوسری کمپنی نے 180 میگا ہرٹز اور تیسری کمپنی نے 110 میگا ہرٹز اسپیکٹرم خریدا۔

چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق اسپیکٹرم کی نیلامی کے پہلے مرحلے میں 507 ملین ڈالر پر قیمت طے ہوئی جبکہ مجموعی طور پر فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی 144.5 ارب روپے میں مکمل ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ 597.2 میگا ہرٹز میں سے 480 میگا ہرٹز اسپیکٹرم فروخت ہو چکا ہے۔

وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ ایک تاریخی دن ہے کیونکہ 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کی آکشن ہوئی ہے جبکہ اس سے قبل ملک میں صرف 274 میگا ہرٹز اسپیکٹرم موجود تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسی کمی کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار سست تھی اور ملک خطے میں سب سے کم اسپیکٹرم پر کام کر رہا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے کوشاں ہے اور ہر مرحلے پر مکمل تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔

Exit mobile version