وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو خط لکھ کر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایرانی عوام اور امت مسلمہ کے لیے پاکستانی قوم کی جانب سے تعزیت اور دعاؤں کا پیغام بھی دیا۔
خط کے متن کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر پاکستانی عوام شدید غمزدہ ہیں اور اس مشکل وقت میں پاکستان ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کے سپریم لیڈر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت ایران کو امن، استحکام، وقار اور خوشحالی کی جانب لے جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور زبان پر مبنی ہیں اور پاکستان ایران کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت اور کامیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے ایران کے عوام کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں ایران میں امریکی اور اسرائیلی حملوں کے دوران ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اپنے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ شہید ہوگئے تھے۔ ان کی شہادت کے بعد دو روز قبل ان کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی قیادت نئی ایرانی قیادت کو بھی نشانہ بنانے کے بیانات دے چکی ہے۔
