پاکستانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کی جانب سے بلا اشتعال کارروائیوں کے بعد پاک فوج کا آپریشن غضب للحق جاری ہے۔ اس آپریشن کے دوران افواج پاکستان نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف زمینی اور فضائی سطح پر مؤثر کارروائیاں کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاک افواج نے افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں واقع شاہین بیس کے ایمیونیشن ڈپوز کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ اس کارروائی کا مقصد سرحد پار موجود دہشت گردوں کی عسکری صلاحیت کو کمزور کرنا تھا۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ شوال اور جنوبی وزیرستان سے ملحقہ افغان سرحدی علاقوں میں موجود افغان طالبان کی ایک پوسٹ کو بھی دھماکا خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج اور افغان طالبان کے کارندے موقع سے فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق بارڈر کے مختلف مقامات پر افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن غضب للحق اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔
