وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی استحکام پر زور، سادگی اور کفایت شعاری اختیار کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی معیشت کو ہر ممکن استحکام فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری فیصلے کرنے اور سرکاری ملازمین اور وزرا کو سادگی اور کفایت شعاری اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت ملکی معیشت کے استحکام پر اجلاس ہوا جس میں کفایت شعاری اور سادگی سے متعلق متعدد تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عالمی کشیدگی اور ممکنہ معاشی اثرات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ علاقائی صورتحال سے توانائی فراہمی اور عالمی منڈیوں میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کا خدشہ موجود ہے، تاہم ملک میں پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں بروقت معاشی اقدامات ناگزیر ہیں اور حکومت عوامی مفادات کے تحفظ اور ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ وزرا اور سرکاری افسران کو عوامی ریلیف، وسائل کے مؤثر استعمال، سادگی اور کفایت شعاری اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کفایت شعاری کی پالیسی صنعت اور زرعی شعبے پر لاگو نہیں ہوگی، لیکن معاشرتی تمام طبقات کو کفایت شعاری کا بوجھ برداشت کرنا ہوگا۔ جیسے ہی مشکل مرحلہ گزرے گا اور معیشت مستحکم ہوگی، حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے اشرافیہ اور مراعات یافتہ طبقات کو معاشی ایڈجسٹمنٹ میں خود مثال قائم کرنے کی بھی تاکید کی۔ کفایت شعاری اور بچت کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کل کیا جائے گا۔

Exit mobile version