کھاریاں ( قاری نصیر احمد کلیار) کھاریاں میں ایک انتہائی افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جہاں تیز رفتاری کے باعث ایک معصوم جان ضائع ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق کھاریاں کے نواحی علاقے میں ایک تیز رفتار مزدا لوڈر سڑک کراس کرنے والے تین سالہ بچے، جس کی شناخت سمی کے نام سے ہوئی ہے، پر چڑھ گیا، جس کے نتیجے میں بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ مزدا لوڈر بچے کو کچلنے کے بعد توازن برقرار نہ رکھ سکا اور سڑک پر ہی الٹ گیا۔ گاڑی الٹنے کے باعث ڈرائیور اور کلینر بھی شدید زخمی ہو گئے، جنہیں اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے فوری طبی امداد دیتے ہوئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے کمسن بچے کا تعلق جہلم سے بتایا جاتا ہے جو اس حادثے کی نظر ہو گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
کھاریاں: تیز رفتار مزدا کی ٹکر سے تین سالہ بچہ جاں بحق، ڈرائیور و کنڈکٹر بھی زخمی
