بھارت تیسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ چیمپئن، فائنل میں نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست

عالمی کرکٹ مقابلوں کے ٹی ٹوئنٹی کپ دو ہزار چھبیس کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو چھیانوے رنز سے شکست دے کر تیسری مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ فیصلہ کن مقابلہ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں پانچ کھلاڑی آؤٹ ہونے پر دو سو پچپن رنز بنائے۔ بھارتی بلے بازوں نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور تیز رفتار بیٹنگ کے ذریعے بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ سنجو سیمسن نے چھیالیس گیندوں پر اناسی رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ایشان کشن نے چوبیس گیندوں پر چون رنز بنائے جبکہ ابھیشک شرما نے اکیس گیندوں پر باون رنز اسکور کیے۔ شیوام دوبے نے آٹھ گیندوں پر چھبیس رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے کو مزید مضبوط بنایا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز نیشم نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ میٹ ہنری اور رچن وریندرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دو سو چھپن رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکی اور پوری ٹیم انیس اوورز میں ایک سو انسٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سائفرٹ نے باون رنز جبکہ کپتان مچل سینٹنر نے تینتالیس رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم بھارتی بولرز کے سامنے یہ کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے چار جبکہ اکشر پٹیل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس کامیابی کے ساتھ بھارت تیسری مرتبہ عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گیا ہے۔ اس سے قبل بھارت دو ہزار سات اور دو ہزار چوبیس میں بھی یہ اعزاز حاصل کرچکا ہے۔ یوں بھارت نے عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ کے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرنے والی پہلی ٹیم ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔

Exit mobile version