اپریل 19, 2026

صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ورلڈ کپ کوالیفائی کرنے پر ہاکی ٹیم کو بھرپور مبارکباد

پاکستان ہاکی ٹیم نے ایک طویل وقفے کے بعد عالمی افق پر واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔ مصر میں جاری ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائیر کے سیمی فائنل میں پاکستان نے جاپان کو ایک سنسنی خیز اور سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر 2026ء میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ اس تاریخی کامیابی پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے ہاکی کے روشن مستقبل کی نوید قرار دیا ہے۔ صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا ہے اور کھیل قومی اتحاد و نظم و ضبط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ٹیم کی پذیرائی کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی پوری توجہ ورلڈ کپ جیتنے پر مرکوز رکھیں، انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ٹیم کو ہر ممکنہ سہولیات اور تعاون فراہم کرے گی تاکہ پاکستان ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکے۔