ایران کا دفاعی جارحانہ موقف: خطے میں موجود امریکی اڈوں پر حملے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، علی لاریجانی

ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی لاریجانی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں خطے کی صورتحال پر ایران کا دوٹوک موقف پیش کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر خطے کے ممالک کی سرزمین پر موجود امریکی اڈے ایران کے خلاف استعمال ہوئے تو ایران کو اپنے دفاع میں وہاں کارروائی کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ لاریجانی نے پڑوسی ممالک کو پیغام دیا کہ وہ امریکہ کو اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال کرنے سے روکیں کیونکہ اب امریکہ ان کی سلامتی کا ضامن نہیں رہا۔ انہوں نے سنسنی خیز انکشاف کیا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران کئی امریکی فوجیوں کو قیدی بنا لیا گیا ہے اور صدر ٹرمپ ایران پر حملے کے اپنے مقاصد میں بری طرح ناکام ہو کر غلط اندازوں کی دلدل میں پھنس چکے ہیں۔ علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ ایرانی قیادت اور قوم دشمن کے خلاف مکمل متحد ہے اور سپریم لیڈر سمیت ایک ہزار سے زائد افراد کی شہادت کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا۔ انہوں نے آبنائے ہرمز سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اسے بند نہیں کیا، تاہم جنگی حالات کی وجہ سے وہاں آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔

Exit mobile version