چوہدری حق نواز

عدنان مختار
ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسربھمبر

ضلع بھمبر کی سرزمین ہمیشہ باصلاحیت اور محنتی افراد کو جنم دیتی رہی ہے، مگر گاؤں درائیاں کی مٹی سے اٹھ کر اپنی لگن، دیانت اور اصول پسندی کے بل بوتے پر ڈپٹی کمشنر کے منصب تک پہنچنے والے چوہدری حق نواز بلاشبہ ایک منفرد مثال ہیں۔ وہ نہ صرف ایک کامیاب منتظم ہیں بلکہ درویش صفت، غریب پرور اور میرٹ کی بالادستی پر یقین رکھنے والے آفیسر کے طور پر آزاد کشمیر بھر میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔1990 میں بطور اسسٹنٹ دفتر ڈپٹی کمشنر میرپور اپنی سرکاری زندگی کا آغاز کرنے والے چوہدری حق نواز نے ہر مرحلے پر محنت، ایمانداری اور خلوص کو اپنا شعار بنایا۔ 1997 میں ضلع بھمبر تبادلہ ہوا اور بارہ سال تک اسی ضلع میں خدمات انجام دیتے رہے۔ 2009 میں بطور تحصیلدار ترقی پائی، پیشہ ورانہ تربیت حاصل کی اور بعد ازاں میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں ریکوری آفیسر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں۔ تحصیل سماہنی میں طویل عرصہ اسسٹنٹ کلکٹر درجہ اول کے طور پر فرائض سرانجام دیتے ہوئے سینکڑوں مقدمات خوش اسلوبی سے نمٹائے اور لاہور میں ہونے والا محکمانہ امتحان امتیازی حیثیت سے پاس کر کے اپنی قابلیت کا لوہا منوایا۔
افسر مال اور اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر تعیناتی کے دوران انہوں نے ہمیشہ قانون و انصاف کو مقدم رکھا۔ سماہنی میں بجلی کے حساس مسئلے کو احسن انداز میں حل کیا۔ نوجوان ڈپٹی کمشنر راجہ ثاقب منیر کی المناک شہادت کے موقع پر انتظامی امور کو جس وقار اور مہارت سے سنبھالا، وہ آج بھی اہلِ سماہنی قدر و محبت سے یاد کرتے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) میرپور اور باغ، پھر ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ ایم ڈی اے کے طور پر انہوں نے التواء کا شکار معاملات کو میرٹ اور قانون کے مطابق یکسو کیا۔ ایم ڈی اے میں ان کا دور انصاف اور شفافیت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ ضلع باغ میں خدمات کے دوران عوامی حلقوں نے کھلے عام انہیں ڈپٹی کمشنر تعینات کرنے کا مطالبہ کیا، جو ان کی عوامی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔بطور ڈپٹی کمشنر بحالیات میرپور، مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل دورے کیے اور باشندہ ریاست سرٹیفکیٹس کے اجراء کو آسان بنایا۔ مہاجرین آج بھی ان کے حسنِ سلوک اور فوری داد رسی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ضلع کوٹلی میں بطور ڈپٹی کمشنر ان کی تعیناتی ایک چیلنج تھی، جسے انہوں نے ایک موقع میں بدل دیا۔ تقریباً ڈھائی سو مقدمات کا فیصلہ، دفتر کی مثالی تزئین و آرائش، عوامی سہولتوں میں اضافہ اور سول سوسائٹی کا بھرپور اعتماد — یہ سب ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہیں۔ ان کی دیانت اور شفاف طرزِ عمل کی وجہ سے فلاحی منصوبوں میں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری ممکن ہوئی۔بطور ایڈیشنل کمشنر میرپور اور پھر اپنے آبائی ضلع بھمبر میں ڈپٹی کمشنر کی حیثیت سے انہوں نے مثالی کارکردگی دکھائی۔ گیارہ ماہ کی مختصر مدت میں پرانے مقدمات کا فیصلہ، باشندہ ریاست سرٹیفکیٹس کا روزانہ اجراء، دفتر کی خوبصورتی اور عوامی اعتماد کی بحالی — یہ سب ان کے فعال اور خدمت گزار مزاج کی عکاسی کرتے ہیں۔ دفتری اوقات کے بعد بھی لوگوں کے مسائل سننا اور جائز کام فوری نمٹانا ان کا خاص وصف رہا۔آج جب وہ اسی ماہ بطور ڈپٹی کمشنر بھمبر ریٹائرمنٹ کے قریب ہیں تو ہر طبقہ فکر کے لوگ انہیں عزت و محبت کے ساتھ رخصت کر رہے ہیں۔ حقیقت یہی ہے کہ اچھا کام کرنے والے لوگ مدتوں یاد رکھے جاتے ہیں، اور چوہدری حق نواز انہی خوش نصیب لوگوں میں شامل ہیں جنہیں عوام ہمیشہ دعاؤں اور اچھے الفاظ کے ساتھ یاد رکھیں گے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ انہیں صحت، عزت اور سکون والی طویل زندگی عطا فرمائے اور جس طرح انہوں نے اپنی عملی زندگی میں عوام کی خدمت کی، اسی طرح ریٹائرمنٹ کے بعد بھی انہیں عزت و تکریم سے نوازے۔ یقیناً ضلع بھمبر ایک مخلص، بااصول اور باکردار آفیسر کو مدتوں یاد رکھے گا۔
محکمہ مال برنالہ کے اسٹاف نے ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز کو یادگار شیلڈ پیش کی

Exit mobile version