امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران تقریباً 200 ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ سینٹکام کمانڈر ایڈمرل بریڈ کاپر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکی بی ٹو بمبار طیاروں نے درجنوں ‘بنکر بسٹر’ بموں کا استعمال کرتے ہوئے زمین کی گہرائی میں چھپائے گئے بیلسٹک میزائل لانچرز کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
کمانڈر ایڈمرل بریڈ کاپر کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں ایران کی بیلسٹک میزائل داغنے کی صلاحیت میں 90 فیصد تک کمی آ چکی ہے، جبکہ اب تک 30 سے زائد ایرانی بحری جہاز بھی تباہ کیے جا چکے ہیں۔ سینٹکام کے مطابق آپریشن اب اگلے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے جس کا بنیادی ہدف ایران کی میزائل تیار کرنے والی فیکٹریوں اور پیداواری صلاحیت کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔ ان کارروائیوں کا مقصد ایران کی فوجی اور دفاعی طاقت کو اس حد تک محدود کرنا ہے کہ وہ مستقبل میں کسی بھی قسم کے خطرے کا سبب نہ بن سکے۔
