"ایرانی بحریہ اور فضائیہ ختم، اب میزائل صلاحیتوں کی باری ہے”: ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے انتہائی سخت اور جارحانہ بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ ایران کو مکمل طور پر ختم کرنے کے مشن پر ہے۔ وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر حملہ ناگزیر تھا اور اب تک کی کارروائیوں میں ایرانی بحریہ، فضائیہ اور ان کا فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر تباہ کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی افواج ہر گزرتے گھنٹے کے ساتھ ایران کی میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کو نشانہ بنا رہی ہیں تاکہ دشمن کی قوت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔

صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ ایران نے مذاکرات کے لیے رابطہ کیا تھا مگر اب بہت دیر ہو چکی ہے اور اب صرف مکمل خاتمہ ہی ہمارا ہدف ہے۔ انہوں نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈرز اور دنیا بھر میں تعینات ایرانی سفارتکاروں کو حکومت سے علیحدگی اختیار کرنے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ جو کمانڈرز عہدے چھوڑ دیں گے انہیں مکمل استثنیٰ دیا جائے گا، بصورتِ دیگر انہیں قتل کر دیا جائے گا۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مستقبل کی کوئی بھی ایرانی قیادت امریکہ اور اسرائیل کے لیے خطرہ نہ بنے، جبکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کا دباؤ کم کرنے کے لیے بھی جلد بڑے اقدامات کا اعلان کیا جائے گا۔

Exit mobile version