ڈی ای او گجرات چوہدری محمد فاروق کا گورنمنٹ پرائمری سکول کڑیانوالہ کا اچانک دورہ، اساتذہ کی کارکردگی کو سراہا

گجرات (سٹی رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ایلیمنٹری) گجرات چوہدری محمد فاروق نے صبح سویرے گورنمنٹ پرائمری سکول کڑیانوالہ کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران تمام تدریسی عملہ وقت کی پابندی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے پایا گیا۔ ڈی ای او گجرات نے مختلف کلاسوں کے معائنے کے دوران طلبہ سے تعلیمی سوالات کیے، جن پر بچوں کے بہترین ردِعمل اور اعتماد کو انہوں نے بے حد سراہا۔

چوہدری محمد فاروق نے سکول کی صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط پر ہیڈ ٹیچر اور اساتذہ کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "سرکاری سکول، معیاری سکول” کے تحت تعلیم کی فراہمی جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گجرات کو تعلیمی لحاظ سے صوبے بھر میں پہلے نمبر پر لانے کے لیے اساتذہ کا تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے والدین کو پیغام دیا کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے سرکاری سکولوں میں داخل کروائیں جہاں معیاری تعلیم اور بہترین ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ صدر پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن ملک راشد مہدی نے ڈی ای او گجرات کے اس استاد دوست رویے اور تعلیمی جذبے کی تعریف کی ہے۔

Exit mobile version