منڈی بہاءالدین: (ڈاکٹر شاہد راٹھور سے )ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کی زیر صدارت ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں جاری پرائس کنٹرول مہم، گراں فروشی کے خلاف اقدامات اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پرائس مجسٹریٹس نے اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کیں اور حالیہ انسپکشنز، جرمانوں اور وارننگز سے متعلق اعداد و شمار سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے سرکاری نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے افسران پر واضح کیا کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں، مارکیٹس کے اچانک دورے کریں اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر انسپکشنز کو مزید مو ثر بنایا جائے، ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور اوور چارجنگ کے مرتکب دکانداروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔
منڈی بہاؤالدین: ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کا پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک ہونے کا حکم
