ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل: نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو عبرتناک شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ کولکتہ میں کھیلے گئے اس اہم معرکے میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ مارکو یانسن 55 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے، جبکہ ڈیوالڈ بریوس 34 اور اسٹبز 29 رنز بنا سکے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری، مک کونکی اور رچن رویندرا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے فن ایلن اور ٹم سائفرٹ کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت محض 13 ویں اوور میں ہی کامیابی حاصل کر لی۔ کیوی اوپنر فن ایلن نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری اسکور کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ انہوں نے صرف 33 گیندوں پر 10 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی، اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل (47 گیندیں) کے پاس تھا۔ ٹم سائفرٹ نے 58 رنز بنائے جبکہ رچن رویندرا 13 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ واضح رہے کہ ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل کل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ممبئی میں کھیلا جائے گا۔

Exit mobile version