خطے میں جاری شدید کشیدگی اور فضائی حدود کے مسائل کے باعث پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کے لیے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے اور آج بھی مجموعی طور پر 166 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے ریاض جانے والی ایک نجی ایئرلائن کی پرواز کو ہنگامی طور پر کراچی اتار لیا گیا ہے۔ پروازوں کی منسوخی کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی سے دبئی، شارجہ، بحرین، دوحہ اور ابوظہبی کی 37 پروازیں، جبکہ لاہور سے مختلف عرب ممالک کے لیے 32 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ اسی طرح اسلام آباد سے 37، پشاور سے 18، فیصل آباد سے 16 اور ملتان سے دوحہ و دبئی سمیت دیگر شہروں کی 18 پروازیں منسوخ ہونے والوں میں شامل ہیں۔ کوئٹہ سے شارجہ کے لیے بھی غیر ملکی ایئرلائن کی دونوں پروازیں آپریٹ نہ ہو سکیں۔ پروازوں کی اچانک منسوخی سے ہزاروں مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے ہیں اور ایئرلائنز کی جانب سے متبادل انتظامات نہ ہونے کے باعث شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کا اثر: پاکستان سے جانے والی 166 پروازیں منسوخ، مسافروں کی مشکلات میں اضافہ
