معروف اوورسیز شخصیت چوہدری شہباز مانگٹ کا مقامی روزنامہ کے دفتر کا دورہ، صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین

منڈی بہاءالدین ( بیوروچیف) معروف اوورسیز شخصیت چوہدری شہباز مانگٹ نے مقامی روزنامہ کے دفتر کا دورہ کیا اور ادارتی ٹیم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے اخباری عملے کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقامی اخبارات ضلع بھر کی خبروں کا مستند ذریعہ ہیں، جنہیں پڑھ کر علاقے کے مجموعی حالات و واقعات کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اخبار کی اشاعت ایک مشکل اور صبر آزما مرحلہ ہے، تاہم اس کے باوجود صحافتی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائی جا رہی ہیں جو قابل تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ہمیشہ اپنے وطن کے بارے میں سوچتے ہیں اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
چوہدری شہباز مانگٹ نے مزید کہا کہ جرمنی میں مقیم پاکستانی دن رات اپنے ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعاگو رہتے ہیں اور ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کہ بیرون ملک پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو۔
آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف زرمبادلہ بھیج کر بلکہ مختلف فلاحی اور سماجی سرگرمیوں کے ذریعے بھی وطنِ عزیز کی خدمت جاری رکھیں گے۔

Exit mobile version