لبنان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 52 تک پہنچ گئی ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ ان فضائی حملوں میں اب تک 154 سے زائد شہری زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب، خطے میں جاری کشیدگی کے باعث بند کی گئی لبنان اور اردن کی فضائی حدود کو پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے، تاہم دیگر 8 ممالک کی فضائی حدود مسلسل تیسرے روز بھی بند رہیں۔ فضائی حدود کی بندش سے بین الاقوامی پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ امدادی ٹیموں کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا کام جاری ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی حملوں میں لبنانی ہلاکتوں کی تعداد 52 ہوگئی، 154 سے زائد افراد زخمی
