آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 رنز سے شکست تو دے دی لیکن سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا ہے۔ کینڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، جہاں قومی ٹیم نے بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے بابر اعظم، صائم ایوب اور سلمان مرزا کی جگہ نسیم شاہ، خواجہ نافع اور ابرار احمد کو شامل کیا۔ پاکستان نے صاحبزادہ فرحان کی دھواں دار سنچری اور فخر زمان کے 84 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 212 رنز بنائے، جس میں دونوں کے درمیان 176 رنز کی ریکارڈ ساز شراکت داری قائم ہوئی۔ صاحبزادہ فرحان اس اننگز کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک ہی ایڈیشن میں دو سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں، تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم 207 رنز بنا سکی جس میں کپتان شناکا نے 76 اور پورتنا ئیکے نے 58 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے سری لنکا کو 147 یا اس سے کم پر آؤٹ کرنا تھا، تاہم بولرز اس ہدف کے دفاع میں ناکام رہے جس کے باعث بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر نیوزی لینڈ نے گروپ 2 سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ انگلینڈ پہلے ہی فائنل فور میں پہنچ چکا ہے۔ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 3 جبکہ شاہین، نسیم اور نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان سری لنکا کو ہرا کر بھی ایونٹ سے باہر، نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا
