ٹکساس: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی اور جنگ کی صورتحال پر اہم بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کریں گے کیونکہ اسلام آباد اس وقت کابل کے ساتھ بالکل درست برتاؤ کر رہا ہے۔ ٹکساس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے پاکستان کی موجودہ سول اور عسکری قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دلی عزت کرتے ہیں، ان کے مطابق پاکستان کے پاس اس وقت ایک عظیم قیادت موجود ہے جس کے ساتھ ان کی بہترین بات چیت جاری ہے اور وہ دونوں ہی دنیا کے ایسے رہنما ہیں جن کا وہ بے حد احترام کرتے ہیں۔ علاقائی صورتحال کے ساتھ ساتھ صدر ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے بھی سخت موقف اپنایا اور کہا کہ وہ ایران کے جوہری پروگرام اور موجودہ مذاکرات سے خوش نہیں ہیں کیونکہ ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، تاہم انہوں نے انکشاف کیا کہ جمعے تک مزید مذاکرات متوقع ہیں اور وہ ایران کے ساتھ ایک نئی ڈیل بنانا چاہتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے فوجی کارروائی کے حوالے سے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگرچہ وہ ایران کے خلاف طاقت کا استعمال کرنا نہیں چاہتے لیکن بعض اوقات حالات ایسے ہو جاتے ہیں کہ طاقت کا استعمال ناگزیر ہو جاتا ہے۔
صدر ٹرمپ کا پاک افغان جنگ میں عدم مداخلت کا اعلان، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین
