سعودی عرب (ادریس احمد سے ) پاکستان انٹرنیشنل سکول انگلش سیکشن ریاض کے آڈیٹوریم میں سالانہ مقابلۂ حسنِ قرأت 2025-26 کا نہایت روح پرور اور پُروقار انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ روحانی بیداری، سکون و طمانیت اور قرآنی پیغام سے وابستگی کی خوبصورت محفل ثابت ہوئی،تقریب میں ممتاز مذہبی و تعلیمی شخصیات نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی جن میں مولانا عبدالمالک مجاہد (بانی و مدیر اعلیٰ دارالسلام انٹرنیشنل) اور ڈاکٹر اویس محمود (ایسوسی ایٹ پروفیسر، کنگ سعود یونیورسٹی اور سربراہ اکیڈمک کمیٹی) شامل تھے۔ اس موقع پر سکول کے پرنسپل محمد تنویر، ونگ ہیڈ مارننگ شفٹ ندیم اقبال اعوان اور ونگ ہیڈ ایوننگ شفٹ محمد ساجد خان بھی موجود تھے جن کی شرکت نے تقریب کو مزید وقار بخشا،پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ الٰہی سے کیا گیا، جس کے بعد جماعت پنجم سے جماعت اے۔ٹو تک کے طلباء نے نہایت خوش الحانی، اعتماد اور اعلیٰ معیارِ قرأت کے ساتھ مقابلے میں حصہ لیا۔ طلباء کی دل سوز اور خوبصورت تلاوت نے حاضرینِ مجلس کو روحانیت سے معطر کر دیا۔ اس موقع پر عمر فاروق کیلانی نے قرآنِ مجید پر ایک دلنشین نظم پیش کی جسے سامعین نے بے حد سراہا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نعمان قریشی نے قرآنِ کریم کی تعلیمات کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا جبکہ سر عبد الرحیم اقبال نے ماہِ رمضان کی آمد اور اس کی روحانی برکات کو اپنانے کا پیغام دیا۔ بعد ازاں ونگ ہیڈز ندیم اقبال اعوان اور محمد ساجد خان نے معزز مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور منتظمین حافظ اظہر الدین بدر اور حافظ ابوعبیدہ کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا جن کی انتھک محنت اور مخلصانہ کاوشوں سے یہ تقریب کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ اس کے ساتھ ساتھ شعبۂ قرآن کے اساتذہ کی خدمات کو بھی سراہا گیا اور طلباء کے نظم و ضبط، لگن اور عقیدت کی بھرپور تعریف کی گئی،مہمانِ خصوصی مولانا عبدالمالک مجاہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ قرآن وہ راہ دکھاتا ہے جو بالکل سیدھی ہے اور لوگوں میں سب سے بہترین وہ ہے جس کا تعلق قرآن سے ہو۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ اگر وہ دنیا اور آخرت میں کامیابی چاہتے ہیں تو قرآن سے مضبوط تعلق قائم کریں جو موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے،ڈاکٹر اویس محمود نے اپنے خطاب میں طلباء کے اعتماد، وقار اور حسنِ تلاوت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام نوجوان نسل میں اخلاقی کردار اور روحانی شعور کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات، تعریفی اسناد اور تحائف تقسیم کیے جبکہ سکول کے پرنسپل محمد تنویر نے مہمانانِ خصوصی اور منصفین کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام مہمانِ خصوصی کی دعا پر ہوا۔




