روم: اٹلی کا پاکستانی اسکلڈ لیبر کو 10,500 ویزے دینے کا اعلان

روم میں اہم سفارتی پیش رفت کے دوران اٹلی کے وزیر داخلہ Matteo Piantedosi نے اعلان کیا ہے کہ لیگل مائیگریشن کے تحت پاکستانی اسکلڈ لیبر کو 10,500 ویزے فراہم کیے جائیں گے۔
یہ اعلان وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں داخلی سکیورٹی، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، انسانی اسمگلنگ اور انسدادِ منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
اطالوی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا استثنیٰ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پہلے بھی بات چیت ہو چکی تھی اور اب اسے عملی شکل دی جا رہی ہے۔
دونوں وزرائے داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات کو سراہتے ہوئے تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں ائیرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر سخت نگرانی کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی آئی ہے۔
اطالوی وزیر داخلہ نے پاکستان کی مؤثر پالیسی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ لیگل مائیگریشن کے فروغ اور باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔

Exit mobile version