ڈنگہ (24 فروری 2026) جماعت اسلامی ڈنگہ کے امیر اور ڈاکٹر حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ تھانہ روڈ کے تاجروں کو مزید پریشان نہ کیا جائے اور انتظامیہ فوری طور پر سڑک کے بند راستے کھول کر تجارتی سرگرمیوں کو متاثر ہونے سے بچائے۔
ڈاکٹر حافظ محمد ادریس نے پریس ریلیز کے ذریعے بتایا کہ گزشتہ ایک سال سے تھانہ روڈ کے تاجروں کو غیر منصفانہ طور پر پسایا جا رہا ہے۔ پہلے غیر منصفانہ تجاوزات کے آپریشن کے دوران اربوں روپے کی پراپرٹی ناحق تباہ کی گئی، جس سے تاجروں کو شدید مالی نقصان پہنچا۔ اس کے بعد سڑک کی تعمیر کا کام ایک سال سے سست اور غیر معیاری انداز میں جاری رہا، جس کی وجہ سے شہر کے لیے یہ سڑک عذاب بن گئی۔
انہوں نے کہا کہ اب رمضان کے بابرکت مہینے میں انتظامیہ نے تاجروں پر ایک اور بجلی گرائی ہے اور تھانہ روڈ کے راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ اس اقدام سے تاجروں کی مشکلات اور بڑھ گئی ہیں اور وہ شدید پریشانی و مالی مسائل کا شکار ہیں۔ ڈاکٹر حافظ محمد ادریس نے کہا کہ دنیا بھر میں تعمیراتی کام کے دوران شہریوں اور تاجروں کی روزمرہ زندگی متاثر نہیں ہوتی، لیکن یہاں ایک چھوٹے شہر کے تاجروں کو فاقوں اور مشکلات کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر حافظ محمد ادریس نے مطالبہ کیا کہ تھانہ روڈ کے راستے فوری طور پر کھولے جائیں تاکہ تاجروں کے کاروبار کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی مالی مشکلات اور روزگار کے مسائل کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اور انتظامیہ کو چاہیے کہ شہریوں اور تاجروں کے مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے کام کرے۔
ڈاکٹر حافظ محمد ادریس نے مزید کہا کہ امیر جماعت اسلامی ڈنگہ اور سربراہ "دنگہ کو حق دو” تحریک اس مسئلے کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں اور وہ انتظامیہ پر زور دے رہے ہیں کہ تھانہ روڈ کے تاجروں کو مزید نقصان اور پریشانی سے بچایا جائے۔




