کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار) کھاریاں میں رمضان المبارک شروع ہوتے ہی بھکاریوں کی بھرمار، شہری پریشان
تحصیل کھاریاں میں رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی بھیک مانگنے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ افطاری کے اوقات میں مختلف گلی محلوں میں مانگنے والوں کی یلغار سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ افطار سے قبل متعدد افراد گھروں کے دروازے کھٹکھٹاتے ہیں اور امداد کا مطالبہ کرتے ہیں، جس سے اہل علاقہ خصوصاً خواتین اور بزرگ افراد میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ بعض شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پیشہ ور بھکاری منظم انداز میں مختلف علاقوں کا رخ کرتے ہیں اور لوگوں کے مذہبی جذبات سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔
مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ فوری نوٹس لے، گشت میں اضافہ کیا جائے اور پیشہ ور گداگروں کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ساتھ ہی مستحق افراد کی باعزت اور منظم طریقے سے مدد کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے تاکہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں امن و سکون کی فضا برقرار رہ سکے۔
