معاہدے کو ترجیح دیتے ہیں، اگر معاہدہ نہ ہوا تو ایران کے لیے ’’بہت برا دن‘‘ ہو سکتا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈینیل کیین کے ایران پر ممکنہ امریکی حملے کی مخالفت سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جنرل ڈینیل کیین کے حوالے سے یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ ایران کے خلاف جنگ میں انتظامیہ کے ساتھ نہیں، تاہم یہ رپورٹس مکمل طور پر بے بنیاد اور ’’فیک نیوز‘‘ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور یہ سو فیصد غلط ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران سے متعلق فیصلے وہ خود کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدے کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن اگر معاہدہ نہ ہوا تو ایران کے لیے ’’بہت برا دن‘‘ ہو سکتا ہے اور اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ایرانی جوہری پروگرام کے معاملے پر امریکا اور ایران کے وفود کے درمیان جمعرات کو جنیوا میں اہم ملاقات طے ہے۔ اس ملاقات میں امریکا کی جانب سے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شریک ہوں گے۔

Exit mobile version