ستمبر 11, 2026

امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید برفانی طوفان، ہزاروں پروازیں منسوخ، 6 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ

امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید برفانی طوفان کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، ہزاروں پروازیں منسوخ جبکہ متعدد ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برفانی طوفان کی شدت کے پیش نظر تقریباً 5 کروڑ 40 لاکھ افراد کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ نیویارک، نیوجرسی، ڈیلاویئر، رہوڈ آئی لینڈ، کنیٹی کٹ اور میساچوسٹس سمیت 6 ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔

برفانی طوفان کے باعث امریکا بھر میں 11 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے نیویارک کے ایئرپورٹس پر گراؤنڈ اسٹاپ وارننگ جاری کر دی ہے۔

نیویارک سٹی میں رات 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک غیر ضروری سفر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ میئر ظہران ممدانی نے شہر میں اسکول بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق نیویارک سٹی میں 18 سے 24 انچ اور بعض علاقوں میں 28 انچ تک برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

موسمیاتی ماہرین نے شمال مشرقی امریکا میں پیر کی صبح تک شدید برفباری اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور تازہ صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔