ستمبر 11, 2026

این آر ایف رہنما فضل احمد مناوی کا افغان طالبان پر سخت تنقید، پاکستان کی کارروائی کا خیرمقدم

افغانستان میں طالبان کے خلاف برسرپیکار نیشنل ریزسٹنس فرنٹ (این آر ایف) کے سینیئر رکن اور سابق افغان وزیر انصاف فضل احمد مناوی نے افغان طالبان کو ظالم گروہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف ہونے والی ہر ضرب خوش آئند ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل احمد مناوی کا کہنا تھا کہ خدا کی زمین سے ظلم کا خاتمہ ایک عظیم نعمت ہے اور ہم ہر ایسے اقدام کا خیرمقدم کریں گے جو افغانستان اور اس کے عوام کے لیے فائدہ مند ہو۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان ایک ظالم گروہ ہیں اور ان کے سر پر پڑنے والی ہر ضرب قابلِ تحسین ہے۔

فضل احمد مناوی نے مزید کہا کہ نیشنل ریزسٹنس فرنٹ خطے کے تمام ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کا خواہاں ہے اور افغانستان میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب پاکستان نے افغانستان میں دہشت گرد ٹھکانوں پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ننگرہار، پکتیکا اور خوست میں فتنہ الخوارج اور کالعدم ٹی ٹی پی کے سات مراکز کو نشانہ بنایا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے مطابق اطلاعات ہیں کہ کارروائی میں 70 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں اکثریت پاکستانی دہشت گردوں کی تھی۔