ستمبر 11, 2026

جنوبی افریقا نے بھارت کو 76 رنز سے شکست دے کر مسلسل فتوحات کا سلسلہ توڑ دیا

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ون میچ میں جنوبی افریقا نے بھارت کو 76 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اس کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ ختم کر دیا۔

احمد آباد میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز اسکور کیے۔ ڈیوڈ ملر 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ڈیوالڈ بریسویس نے 45 اور اسٹبس نے 44 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بھمراہ نے 3 اور ارشدیپ سنگھ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں 111 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ دوبے نے سب سے زیادہ 42 رنز بنائے جبکہ ہاردک پانڈیا اور سوریا کمار یادو نے 18، 18 رنز اسکور کیے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو ینسن نے 4، کیشو مہاراج نے 3 اور کاربن بوش نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کی مسلسل 12 فتوحات کے بعد پہلی شکست ہے۔ دفاعی چیمپئن بھارت 2024 کے ورلڈکپ سے اب تک ناقابل شکست تھا۔ اس سے قبل بھارت کو 2022 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ رنز کے اعتبار سے یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کی سب سے بڑی شکست بھی ہے۔