اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ ن لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ڈاکٹر ہی یہ نہیں کہہ رہا کہ بانی کو اسپتال منتقل کیا جائے تو کیسے شفٹ کر دیں؟ اگر ڈاکٹر سفارش کرے گا تو بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ایک مہینے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا جائے گا۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور یورپ سمیت دنیا بھر میں لوگ مہنگائی سے پریشان ہیں اور کئی ممالک میں لوگ بھوکے سونے پر مجبور ہیں، تاہم اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان میں مذہبی رجحان کے باعث اتنی زیادہ بھوک اور ننگ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور عوامی سہولت کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان آہستہ آہستہ مشکلات سے نکل رہا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے افغانستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سب کے ساتھ امن، بھائی چارہ اور دوستی چاہتا ہے، لیکن اگر جنگ مسلط کی جائے تو بھرپور جواب دیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سفارتی محاذ پر سرفہرست ہے اور بے گناہ شہریوں اور بچوں پر حملہ کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔



