کھاریاں (انصر فاروق مغل) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات ڈاکٹر سید عطاء المُنعم نے الصبح تحصیل لیول ہسپتال لالہ موسیٰ اور گورنمنٹ میٹرنٹی ہسپتال گلیانہ کا انتظامی دورہ کیا۔
دورہ تحصیل لیول ہسپتال لالہ موسیٰ کے دوران سی ای او ہیلتھ نے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام ویکسین کی دستیابی، ادویات کی دستیابی چیک کی اور داخل مریضوں سے علاج و معالجہ کے معیار پر استفسار کیا اور عملہ کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مرزا محمد اشرف موجود تھے۔

سی ای او ہیلتھ نے ہسپتال کے میٹرنٹی سیکشن میں ناقص صفائی و ستھرائی کے انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ عملہ کے خلاف تادیبی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔
بعد ازاں سی ای او ہیلتھ نے گورنمنٹ میٹرنٹی ہسپتال گلیانہ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں ادویات کی دستیابی اور مریضوں سے علاج و معالجہ کے بارے میں استفسار کیا گیا۔ مریضوں کی نگہداشت اور سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کے حوالے سے ضروری احکامات بھی جاری کیے گئے۔ اس موقع پر انچارج گائناکالوجسٹ ڈاکٹر افشاں موجود تھیں۔