کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ میچ کے آغاز پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹاس کے موقع پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا جس پر شائقین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے گئے۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز اسکور کیے۔ اوپنر ابھیشیک شرما پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے تاہم ایشان کشن نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ 15ویں اوور میں 126 کے مجموعی اسکور پر تلک ورما 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اگلی ہی گیند پر ہاردک پانڈیا بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دوبے نے 27 رنز اسکور کیے جبکہ اکشر پٹیل کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان طارق، شاہین آفریدی اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، ایک بھارتی بیٹر رن آؤٹ ہوا۔
176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 18 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ عثمان خان 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ شاداب خان نے 14 اور فہیم اشرف نے 10 رنز بنائے، دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا، وارن چکرورتی، جسپریت بمراہ اور اکشر پٹیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ تلک ورما اور کلدیپ یادیو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابراعظم، سلمان علی آغا، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل تھے۔ بھارتی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں اور ابھیشیک شرما اور کلدیپ یادیو کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔
بھارت کی اس کامیابی کے بعد گروپ کی صورتحال مزید دلچسپ ہوگئی ہے جبکہ پاکستان کو اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے دیگر نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔
