کاٹھور کے قریب آئل ٹینکر اور کوچ میں ہولناک تصادم، 13 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

سندھ کے علاقے کاٹھور کے قریب گڈاپ لنک روڈ پر آئل ٹینکر، کوچ اور دیگر گاڑیوں کے درمیان خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ ٹرک اور مسافر کوچ کے درمیان ٹکر سے پیش آیا، ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ کوچ مبینہ طور پر غلط سمت میں جا رہی تھی جس کے باعث تصادم شدت اختیار کر گیا اور کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں 3 خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ کئی مسافر پل سے نیچے جا گرے۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کرنا شروع کر دیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس جاوید عالم اوڈھو نے پولیس کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچنے، امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور اطراف کے علاقے کو محفوظ بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
حادثے کے بعد ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی جبکہ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں

Exit mobile version