سعودی عرب (ادریس احمد سے ) مجلس پاکستان کی جانب سے سعودی دارالحکومت ریاض میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے اعزاز میں ایک پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں اہلیانِ ریاض نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عشائیے کی میزبانی رانا عبدالرؤف، سید ثاقب زبیر اور رانا عمر فاروق نے کی،تقریب میں سفارت خانہ پاکستان کے ویلفیئر اتاشی صاعد عزیز نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کر رہے ہیں اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہی پاکستان کی اصل شناخت اور سرمایہ ہیں،ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان میں نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے “الخدمت بنو قابل پروگرام” کے تحت عملی اقدامات کر رہی ہے، تاکہ نوجوان جدید ہنر سیکھ کر بیرونِ ملک روزگار حاصل کریں اور پاکستان کا نام روشن کریں،ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز کمیونٹی کا کردار صرف ترسیلاتِ زر تک محدود نہیں بلکہ فلاحی، تعلیمی اور سماجی شعبوں میں بھی ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن اوورسیز پاکستانیوں کے مشوروں اور تعاون سے تعلیم، صحت اور فلاحی منصوبوں کو مزید وسعت دے رہی ہے،تقریب کے اختتام پر شرکاء نے الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ فلاحی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
مجلس پاکستان کی جانب سے صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے اعزاز میں تقریب
