کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار)کھاریاں سروس روڈ پر پارکنگ مافیا کا راج تاحال برقرار ہے، جہاں سڑک کا بڑا حصہ غیر قانونی پارکنگ کی نذر ہو چکا ہے۔ سروس روڈ جو عوام کی سہولت اور ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے بنایا گیا تھا، آج خود ایک مستقل ٹریفک جام کا منظر پیش کر رہا ہے۔ دونوں اطراف بے ہنگم پارکنگ کے باعث روڈ جزوی طور پر بند رہتا ہے، جس سے روزانہ ہزاروں شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
علاقے میں قائم دکانوں، ہوٹلوں اور مارکیٹوں کے سامنے خود ساختہ پارکنگ اسٹینڈز بنا لیے گئے ہیں، جبکہ نام نہاد پارکنگ ٹھیکیدار سرعام شہریوں سے فیسیں وصول کر رہے ہیں۔ حیران کن امر یہ ہے کہ متعلقہ ادارے سب کچھ دیکھنے کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ نہ تو تجاوزات کے خلاف کارروائی ہوتی ہے اور نہ ہی ٹریفک کی روانی بحال کرنے کے لیے کوئی عملی اقدام اٹھایا جاتا ہے۔
سروس روڈ پر پیدل چلنا محال ہو چکا ہے، موٹر سائیکل سواروں اور گاڑیوں کو بار بار آمنے سامنے آنے سے حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ ایمبولینس اور فائر بریگیڈ جیسی ہنگامی گاڑیوں کا گزرنا بھی دشوار ہو چکا ہے، جو کسی بڑے سانحے کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پارکنگ مافیا کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، غیر قانونی پارکنگ کا خاتمہ کیا جائے اور سروس روڈ کو اس کے اصل مقصد کے لیے بحال کیا جائے۔ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو عوامی مشکلات کے ساتھ ساتھ کسی بڑے حادثے کی ذمہ داری بھی متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔
