نومبر 1, 2026

اپوزیشن اتحاد کا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور مکمل علاج تک پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان

اپوزیشن اتحاد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اور ان کے مکمل طبی علاج تک پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں کے اجلاس میں یہ اہم فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی دروازے پر تحریک انصاف کی مرکزی قیادت دھرنا دے گی جبکہ تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے اعلان کیا ہے کہ کل سے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پرامن احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مطالبات کل دھرنے میں پیش کیے جائیں گے اور جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے دھرنا جاری رہے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم کرنے میں کوئی رکاوٹ یا ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوئی تو اس کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اڈیالا جیل میں قید بانی پی ٹی آئی سے متعلق سہولیات کی رپورٹ منظر عام پر آئی ہے۔ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی دائیں آنکھ کی بینائی 15 فیصد تک محدود رہ گئی ہے اور انہوں نے ذاتی معالجین سے معائنہ کروانے کی درخواست کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے مطابق چند ماہ قبل تک ان کی بینائی نارمل تھی تاہم آنکھ میں خون کا لوتھڑا بننے کے باعث شدید نقصان پہنچا۔ ان کا مؤقف ہے کہ شکایات کے باوجود بروقت مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے اور علاج کے باوجود بینائی مکمل طور پر بحال نہ ہو سکی۔