نومبر 1, 2026

وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ اجلاس میں شرکت کریں گے، امریکی صدر سے بھی ملاقات متوقع

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے جبکہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی دورے میں شریک ہوگا۔

ترجمان کے مطابق دورہ امریکا کے دوران وزیراعظم کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے دہشت گرد تنظیم داعش کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں داعش کی موجودگی کے شواہد عالمی شراکت داروں کے ساتھ شیئر کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ حملوں کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں موجود ہے اور پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

بھارت سے متعلق سوالات کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بھارت سے نئے ڈیم کی تعمیر کی تفصیلات طلب کی ہیں اور بھارت کو یکطرفہ اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کا پابند ہے۔

کرکٹ کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کھیل کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کا فیصلہ اسی لیے کیا گیا تھا تاکہ کرکٹ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔