نومبر 1, 2026

شہباز شریف اور آصف زرداری کی اہم ملاقات، ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور داخلی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں حکومتی اور اتحادی قیادت کی نمایاں شخصیات بھی شریک رہیں۔

ایوانِ صدر کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر احد چیمہ، سید توقیر حسین شاہ، رانا ثناء اللہ، سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں آزاد کشمیر کے نئے صدر کے انتخاب پر مشاورت کی گئی جبکہ غزہ کی صورتحال اور ممکنہ امن اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان کے سفارتی مؤقف اور خطے کی بدلتی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے باہمی ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے اور مشاورتی عمل کو باقاعدگی سے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتیں اہم قومی فیصلوں میں مشاورت کو یقینی بنانے پر متفق ہیں تاکہ سیاسی استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔