ڈنگہ ( احتشام اللہ اسلم) ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت ضلع بھر میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام دکانداروں اور ڈیلرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ مقررہ کردہ ریٹس لسٹ اپنی دکانوں پر نمایاں جگہ پر آویزاں کریں تاکہ شہریوں کو مقررہ قیمتوں سے آگاہی حاصل ہو سکے۔
حکم نامے کی تشہیر اخبارات، گزٹ نوٹیفکیشن، سرکاری دفاتر، عدالتوں، پولیس اسٹیشنز، میونسپل کارپوریشن اور مارکیٹس کے نوٹس بورڈز پر بھی کی جائے گی۔ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہر پراڈکٹ پر قیمت، خالص وزن، اجزائے ترکیبی، تیاری اور معیاد ختم ہونے کی تاریخ واضح درج کی جائے جبکہ بوتل بند پانی، کولڈ ڈرنکس، جوسز، نمکو اور دیگر پیک اشیاء کمپنی کی پرنٹ شدہ قیمت پر ہی فروخت ہوں گی۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ نرخوں سے زائد وصولی یا حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پنجاب پرائس کنٹرول آف اسپیشل کموڈیٹیز ایکٹ 2024 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر، ہیلپ لائن 0800-02345 یا Qeemat Punjab ایپ کے ذریعے رپورٹ درج کرا سکتے ہیں۔ یہ حکم نامہ فوری طور پر ضلع گجرات کی حدود میں نافذ العمل کر دیا گیا ہے۔
