حکومت کا ریلیف: موجودہ سولر صارفین سے نیٹ بلنگ وصول نہیں ہوگی، نیٹ میٹرنگ پالیسی ایک ماہ کیلئے برقرار

حکومت نے ملک بھر کے موجودہ سولر صارفین کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ ان سے نیٹ بلنگ وصول نہیں کی جائے گی اور نیٹ میٹرنگ پالیسی میں فوری طور پر کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن اویس لغاری نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ ایک ماہ تک موجودہ پالیسی برقرار رہے گی اور یہ اقدام وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اٹھایا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نیٹ بلنگ یا نئے ریٹس کا اطلاق صرف نئے سولر صارفین پر ہوگا جبکہ پرانے صارفین بدستور نیشنل گرڈ کو 25 روپے 32 پیسے فی یونٹ کے حساب سے بجلی فروخت کرتے رہیں گے۔ اس سے قبل نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نئے صارفین کے لیے فی یونٹ قیمت میں 17 روپے 19 پیسے کمی کا اعلان کیا تھا جس پر عوامی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سولر صارفین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ حکومتی فیصلے کے بعد ہزاروں گھریلو اور کمرشل سولر صارفین کو وقتی ریلیف مل گیا ہے

Exit mobile version