اکتوبر 29, 2026

جعلی مینڈیٹ سے حکومت بنائی گئی، جمہوریت کے ساتھ مذاق ہو رہا ہے، مولانا فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ملک میں جعلی مینڈیٹ کے ذریعے جعلی حکومت قائم کی گئی ہے اور موجودہ حکومت جمہوریت کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔
اسلام آباد میں جے یو آئی کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایک دوست ملک نے عالمی تجارت کے لیے پاکستان کو منتخب کیا تھا، تاہم ہمیں شکایت رہی کہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں سی پیک منصوبہ روک دیا گیا جبکہ موجودہ حکومت میں بھی سی پیک میں ایک اینٹ کا اضافہ تک نہیں ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ اگر شفاف طریقے سے حکومت بنائی جائے تو ہم اسے ضرور قبول کریں گے، لیکن جعلی مینڈیٹ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں کاروبار ختم ہو رہا ہے اور پاکستانیوں کی محنت اور سرمایہ تیزی سے بیرونِ ملک منتقل ہو رہا ہے، جو معیشت کے لیے خطرناک صورتحال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ الزام تراشی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ان کی سیاست میں انتہا پسندی نہیں بلکہ اعتدال اور دلیل شامل ہے، جبکہ آٹھ فروری کے نتائج آج معاشی اور سکیورٹی ناکامی کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔